کراچی (جیوڈیسک) انٹرٹینمنٹ سے دلچسپی رکھنے والا بھلا کون ہے جو مائرہ خان کو نہ جانتا ہو۔ ’ہم سفر‘ ، ’شہرذات‘ اور بہت سے دوسری میگا ہٹ ڈرامہ سیریلز سے شہرت کی بلندی پر پہنچنے والی مائرہ خان نے بھری ایک اور اونچی اڑان اور جا پہنچیں ہالی وڈ جہاں لیا گیا انہیں ہاتھوں ہاتھ۔۔
لیکن جناب مائرہ خان ان دنوں کچھ کچھ خوش اور کچھ کچھ نروس ہیں۔ یہ ہم نہیں کہہ رہے بلکہ یہ خود مائرہ خان کا کہنا ہے۔ ’ووگ بیوٹی ایوارڈز‘ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں مائرہ خان نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی آنے والی فلم’ رئیس‘ کے بارے میں ایکسائیڈڈ بھی ہیں اور نروس بھی۔
مائرہ خان فلم ’رئیس‘ میں کنگ خان شاہ رخ خان کی ہیروئن بنی ہیں۔ مائرہ کا کہنا تھا کہ ’’شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرکے میرا خواب سچ ہوگیا۔’رئیس‘ میں کام کرتے وقت مجھ پر دباؤ تھا کہ میں اپنی بہترین اداکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کروں اور اچھے سے اچھا کرکے دکھاؤں شاید اسی وجہ سے میں نروس ہوں۔‘‘
’ووگ فیس ٹو لک آؤٹ ایوارڈ‘ حاصل کرنے والی مائرہ خان سے جب شاہ رخ خان کے ساتھ یادگار لمحے کا پوچھا گیا تو ماہرہ خان نے بتایا کہ پہلے سین کے بارے میں میرا خیال تھا کہ میں آرام سے کرلوں گی، لیکن جیسے ہی شاہ رخ خان میرے سامنے آئے، میں اپنی لائنیں بھول گئی۔ یہ واقعہ میں کبھی نہیں بھولوں گی۔‘‘
مائرہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’بطور آرٹسٹ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اپنے پاکستان کی نمائندگی اچھے انداز میں کریں اور میرے خیال میں، میں نے ایسا ہی کیا ہے۔‘‘
مائرہ خان نے ایکٹنگ کیرئیر کا آغاز شعیب منصور کی فلم’بول‘ میں ایک چھوٹے سے کردار سے کیا تھا۔ لیکن، بلاک بسٹر سیریل ’ہم سفر‘ نے انہیں دیکھتے ہی دیکھتے اسٹار بنا دیا۔
فواد خان ’ہم سفر‘ میں مائرہ خان کے ہیرو تھے۔ان کا کہنا ہے لوگ انہیں اور فواد کو ایک ساتھ دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن، فی الحال ہم دونوں اپنے پروجیکٹس میں مصروف ہیں اور ساتھ آنا مشکل ہے۔
راہول ڈھولکیا کی ڈائریکٹ کردہ فلم رئیس آئندہ سال 26 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں نوازالدین صدیقی بھی سپورٹنگ کردار میں نظر آئیں گے۔