واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کی سابق وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن نے ان کے ذاتی ای میل کے استعمال کے حوالے سے بڑھتے ہوئے تنازع کے جواب میں حکام سے کہا ہے کہ ان کی ای میلز کو منظر عام پر لایا جائے۔
انھوں نے ٹوئٹر پر پیغام دیا ہے کہ میں چاہتی ہوں کہ عوام میری ای میل دیکھ سکیں۔ یہ بیان 2012ء میں لیبیا کے شہر بن غازی میں امریکی سفارتخانے پر ہونے والے حملے کی تحقیقات کرنے والی کانگریس کمیٹی کی جانب سے ان کے ای میلز کے سمن جاری ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ہیلری کلنٹن کے ذاتی ای میل اکائونٹ کے استعمال کو ممکنہ طور پر وفاقی قانون کی خلاف ورزی کے طور پر معائنہ کر رہا ہے۔
اس تنازع کے باعث ہیلری کلنٹن دباﺅ کا شکار بھی ہیں کیونکہ یہ سمجھا جا رہا ہے کہ وہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں ڈیمو کریٹس کی جانب سے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزدگی کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے لکھا کہ میں سٹیٹ سے کہتی ہوں کہ وہ میری ای میلز کو جاری کر دیں۔