اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی الیون فور مارکیٹ کے تاجروں نے فروٹ و سبزی منڈی میں انتظامیہ کی جانب سے مارکیٹ کمیٹی بنائے جانے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، پہلے مرحلے میں روزانہ منڈی میں مظاہرے کیے جائیں گے اور فیصلہ واپس نہ لیے جانے کی صورت میں شٹر ڈائون اور تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا جائے گا۔
تاجر رہنماؤں نے مشترکہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تاجروں کے حقوق پر ڈاکہ مارنے کی اجازت نہیں دیں گے، مظاہرہ کی قیادت سید سراج آغا، بابو محمد علیم، طاہر ایوب، چوہدری ارشد، چوہدری فاروق، اشفاق عباسی، چوہدری وسیم، ملک محبوب اور دیگر رہنمائوں نے کی۔ مظاہرین نے مارکیٹ کمیٹی کے قیام کے فیصلے کے خلاف منڈی میں کئی گھنٹے احتجاج کیا
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنمائوں نے کہا کہ سی ڈی اے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، مارکیٹ کمیٹی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ رشوت خوری اور ظالمانہ ٹیکس وصول کرنے کا نیا ڈھونگ ہے جسے تاجر تنظیموں نے مسترد کر دیا ہے ، فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو فروٹ و سبزی منڈی میں شٹر ڈائون ہڑتال سمیت بھوک ہڑتال کی جائے گی۔