کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) مارکیٹ کمیٹی فتح پور کنگال، بچے کُچے عملہ کے چند افراد کو بھی 3 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں۔ ملازمین سخت پریشان، گزر اوقات بہت مشکل ہو گیا۔
حکومت ان پر رحم کرے۔ ملازمین کی اعلیٰ حکام سے استدعا۔ تفصیل کے مطابق مارکیٹ کمیٹی فتح پور جس کی گزشتہ دو سال سے سیکریٹری سمیت انسپکٹروں اور سب انسپکٹروں، کلرک سمیت دیگر نشستیں خالی تھیں پر چند ماہ قبل سیکریٹری کو تعینات کیا گیا۔
جبکہ باقی نشستیں بدستور خالی ہیں۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ محکمہ کے ڈرائیور اور درجہ چہارم کے ملازمین انسپکٹر اور سب انسپکٹر کی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ اور مختلف منڈیوں اور کاروباری اداروں سے جو کچھ ملتا ہے وصول کر رہے ہیں لیکن ان گنے چنے چند ملازمین کو بھی تین ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔
جس پر ملازمین سخت پریشان ہیں۔ اور ان کا کہنا ہے کہ ان کا گزر اوقات مشکل ہو گیا ہے۔ حکومت ان کے بچوں پر رحم کرے اور تنخواہیں دی جائیں۔