کراچی (جیوڈیسک) عالمی سطح پر کپاس کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کے سبب مقامی مارکیٹ میں کپاس کے دام 100 روپے کمی سے 6 ہزار 900 روپے فی من کی سطح پر آگئے۔ رواں سال کے آغاز پر کپاس کی فی من قیمت جو 5 ہزار 800 روپے تھی بتدریج اضافے کے ساتھ رواں ماہ 7 ہزار روپے فی من کی سطح تک پہنچ گئی تھی۔
پاکستان جنرز فورم کے چئیرمین احسان الحق کے مطابق عالمی سطح پر کپاس کی پیداوار میں کمی کے باعث رواں سال کے بین الاقوامی نرخ لگ بھگ 12 فیصد بڑھ گئے تھے تاہم بھارت کی جانب سے کپاس کی فروخت کم دام پر کیے جانے کے باعث عالمی منڈی میں بھی کپاس کے ریٹ میں کمی واقع ہوئی۔
یہی وجہ ہے کہ مقامی مارکیٹ میں بھی کپاس 100 روپے سستی ہوکر 6900 روپے فی من ہوگئی ۔ گزشتہ سیزن ملک میں کپاس کی پیداوار میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔