کراچی (جیوڈیسک) عیدالاضحیٰ قریب آنے کے باوجود اسلام آباد میں دھرنے ختم نہ ہونے اور سیاسی ومعاشی سطح پر کوئی مثبت اطلاع موصول نہ ہونے سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے 2 نفسیاتی حدیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 59 ارب 44 کروڑ 72 لاکھ روپے ڈوب گئے۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 234.62 پوائنٹس کمی سے 29705.65 ہو گیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس163.98 پوائنٹس گھٹ کر 20252.52 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 249.45 پوائنٹس کمی سے 48425.92 ہوگیا، کاروباری حجم 3.84 فیصد زائد رہا، 16 کروڑ حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 415 کمپنیوں تک محدود رہا جن میں 163 کے بھاؤ میں اضافہ، 232 کے دام میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔