کراچی (جیوڈیسک) مقامی مالیاتی اداروں کی سیمنٹ، بینکنگ اور آئل سیکٹر میں وسیع البنیاد خریداری رحجان کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو اتار چڑھاؤ کے بعد دوبارہ تیزی کی بڑی لہررونما ہوئی جس سے انڈیکس کی 34600 ،34700 اور 34800 پوائنٹس کی 3 حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں، تیزی کے سبب 49.27 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 61 ارب 95 کروڑ 81 لاکھ 12 ہزار 263 روپے کااضافہ ہوگیا۔
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ منگل کو اوجی ڈی سی ایل اور پی ٹی سی ایل میں بھی خریداری سرگرمیاں نمایاں رہیں اور ان دونوں کمپنیوں میں ہونے والی خریداری نے مارکیٹ کے مورال کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا تاہم غیرملکیوں کی جانب سے فروخت دیکھنے میں آئی، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر93.63 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن فروخت کے مقابلے میں خریداری رحجان زائد ہونے کے سبب مذکورہ مندی زیادہ دیربرقرار نہ رہ سکی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 329.78 پوائنٹس کے اضافے سے 34897.30 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 242.82 پوائنٹس بڑھ کر 20317.34، کے ایم آئی 30 انڈیکس 388.15 پوائنٹس بڑھ کر 60506.75 اور کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس 93.46 پوائنٹس بلند ہو کر 16294.76 پر بند ہوا، کاروباری حجم 6.56 فیصد زائد رہا اور 19 کروڑ 77 لاکھ 58 ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروبار 347 کمپنیوں تک محدود رہا۔
جن میں 171 کے بھاؤ میں اضافہ، 154 کے دام میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں نیسلے پاکستان کے بھاؤ 143.80 روپے بڑھ کر 7333.80 اور باٹا پاکستان کے بھاؤ 65 روپے بڑھ کر 3370 روپے ہوگئے جبکہ فلپس موریس پاکستان کے بھاؤ 42.81 روپے کم ہو کر 1658 اور آئسلینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ 32.13 روپے کم ہوکر 800 روپے ہوگئے۔