کراچی (جیوڈیسک) غیر ملکیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دلچسپی کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مقامی شعبوں کی خریداری نے کراچی اسٹاک ایکس چینج کی سرگرمیوں پر جمعرات کو بھی مثبت اثرات مرتب کیے اور تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی30000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی۔
تیزی کے سبب 53.76 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 24 ارب 22 کروڑ 15 لاکھ 39 ہزار707 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ غیرملکیوں کی مخصوص شعبوں کی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کو دیکھتے ہوئے مقامی سرمایہ کاروں نے بھی مارکیٹ میں محدود پیمانے پر سرمایہ کاری کی اور کچھ نے پرافٹ ٹیکنگ بھی کی تاہم سرمایہ کاری زائد ہونے سے مارکیٹ کا مورال بلند ہوا اور مختلف شعبوں کی فروخت کے باوجود تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔
ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 26 لاکھ34 ہزار666 ڈالرکا انخلا کیا گیا جبکہ غیرملکیوں نے7 لاکھ37 ہزار 639، بینکوں ومالیاتی اداروں 8 لاکھ 73 ہزار، این بی ایف سیز 6 لاکھ 19 ہزار900، دیگر آرگنائزیشنز نے4 لاکھ3 ہزار988 ڈالر کی سرمایہ کاری کی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 74.97 پوائنٹس اضافے سے 30071.58، کے ایس ای 30 انڈیکس33.29 پوائنٹس بڑھ کر20431.13 اور کے ایم آئی30 انڈیکس28.09 پوائنٹس اضافے سے 48836.28 ہو گیا۔
کاروباری حجم 34.35 فیصد زائد رہا، 16 کروڑ84 لاکھ 66 ہزارحصص کے سودے ہوئے، کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 387 کمپنیوں تک محدود رہا، 208 کے بھاؤ میں اضافہ، 162 کے دام میں کمی اور17 کے نرخ برقرار رہے۔