کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کوبڑھتی ہوئے پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے محدود پیمانے پر تیزی رونما ہوئی جس میں نمایاں کردار غیرملکیوں کی جانب سے 3 ملین ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری کا رہا جس سے 39 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 14 ارب 41 کروڑ 38 لاکھ 6 ہزار 740 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ گزشتہ 9 کاروباری سیشنز میں مجموعی طور پر 60 فیصد کی تیزی کے بعد منگل کو بعض شعبوں کی جانب سے منافع کے لیے فروخت کا رجحان دیکھا گیا، پورے کاروباری دورانیے میں مارکیٹ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی۔
ایک موقع پر 185 پوائنٹس کی تیزی اور بعد ازاں 89.47 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی، بینکنگ اسٹاکس میں منافع کے حصول کا رحجان رہا جبکہ آئل اور فرٹیلائزر اسٹاکس میں خریداری تسلسل برقراررہنے سے مارکیٹ مستحکم رہی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 10.25 پوائنٹس کے اضافے سے 33032.85 پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شیئرانڈیکس 18.59 پوائنٹس بڑھ کر 15497.81 ہو گیا، اس کے برعکس کے ایس ای 30 انڈیکس 17.32 پوائنٹس کی کمی سے 19583.10 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 29.87 پوائنٹس گھٹ کر 57484.13 ہو گیا۔
کاروباری حجم پیر کی نسبت 6.61 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر21 کروڑ65 لاکھ49 ہزار710 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 354 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 138 کے بھاؤ میں اضافہ، 192 کے داموں میں کمی اور 24 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔