کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو شدید اتار چڑھاؤ کے بعد مندی غالب آگئی۔
ایک موقع پر مارکیٹ 33000.97 پوائنٹس کی حد کو چھونے کے بعد 32854.32 پوائنٹس تک نیچے گری، مندی کے باوجود مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 4 ارب 71 کروڑ 46 لاکھ 72 ہزار 232 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسٹاک ماہرین کے مطابق ملک میں امن و امان کی غیریقینی صورتحال اورغیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کا عمل مندی کاباعث بنا، بجٹ سے متعلق خدشات اور مالیاتی پالیسی کے اجرا کے حوالے سے قیاس آرائیوں کی وجہ سے مارکیٹ سست روی کا شکار ہے۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 24.65 پوائنٹس کمی سے 32879.67 پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 65.50 پوائنٹس گھٹ کر 19080.11 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 15.61 پوائنٹس بڑھ کر 22559.04 پرآگیا، کاروباری حجم 51 فیصد زائد رہا اور 13 کروڑ 5 لاکھ حصص کے سودے ہوئے، کاروبار 342 کمپنیوں تک وسیع ہوا، 155 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 164 میں کمی اور 23 کے بھاؤمیں استحکام رہا۔