حصص مارکیٹ میں زبردست تیزی، 343 پوائنٹس کا اضافہ

Stock Market

Stock Market

کراچی (جیوڈیسک) بینکنگ سیکٹر میں غیر ملکیوں کی سرمایہ کاری اورلسٹڈ کمپنی ماڑی پٹرولیم کے اچھے مالیاتی نتائج کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو غیرمتوقع طور پر تیزی رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی 29400، 29500، 29600 اور 29700 پوائنٹس کی 4 نفسیاتی حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔

تیزی کے باعث 57.33 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 71 ارب 89 کروڑ 22 لاکھ 18 ہزار 576 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کیپٹل مارکیٹ اگرچہ سیاسی افق پر غیریقینی حالات کے بھی زیراثر ہے لیکن گزشتہ چند روز کی متواتر مندی کے دورانیے میں بعض اہم شعبوں کی جن کمپنیوں کی قیمتیں کم ہوئی تھی منگل کو سرمایہ کاروں نے ان کمپنیوں کے حصص کی نچلی قیمتوں پر وسیع پیمانے پر خریداری کی جس سے مارکیٹ کا مورال بلندی کی جانب گامزن ہوا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ غیرملکیوں کی جانب سے منگل کو بینکنگ سیکٹر کے حصص میں سرمایہ کاری دلچسپی زائد رہی۔ بعض سرمایہ کاروں کا کہنا تھا کہ سیاسی افق پر غیریقینی کیفیت اور عیدالاضحی کی طویل تعطیلات سے قبل امکان ہے کہ مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہواور مندی رونما ہو۔
ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 53 لاکھ 90 ہزار 279 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے ایک موقع پر8 پوائنٹس کی محدود مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے 33 لاکھ 81 ہزار 445 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے 20 لاکھ 8 ہزار 833 ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری نے کاروبار کے گراف کو بلند کیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 343.26 پوائنٹس کے اضافے سے 29726.39 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 255.20 پوائنٹس کے اضافے سے 20214.56 اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 544.04 پوائنٹس کے اضافے سے 48379.38 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت 10.43 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 10 کروڑ 3 لاکھ 74 ہزار 580 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 375 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 215 کے بھاؤ میں اضافہ، 133 کے داموں میں کمی اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔