مارکیٹیں آٹھ بجے بند کرنے کے کیس پر فیصلہ آج سنایا جائے گا

Islamabad High Court

Islamabad High Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے کاروباری مراکز رات آٹھ بجے بند کرانے کے حکومتی احکامات کیخلاف حکم امتناع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اسلام آباد میں کاروباری مراکز رات آٹھ بجے بند کرانے کے حکومتی فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد انتظامیہ کے پاس دکانیں بند کرانے کا کوئی سرکاری نوٹی فیکیشن نہیں صرف زبانی احکامات پر انتظامیہ دکانیں رات آٹھ بجے بند نہیں کرا سکتی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کا یہ اقدام زبردستی کسی کی پراپرٹی میں گھسنے کے مترادف اور مجرمانہ فعل ہے ، اس لیے دکانیں رات آٹھ بجے بند کرانے کا حکومتی فیصلہ کالعدم قرار دے کر حکم امتناع جاری کیا جائے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو گیارہ بجے سنائے جانے کا امکان ہے۔