مری (جیوڈیسک) مری کے معروف بازار دیول میں چونتیس دکانیں اور مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر تباہ ہو گئے ، کوہالہ برائیڈل روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ، دوسری طرف آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے بیشتر مقامات پر بارش اور برف باری کے بعد نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
شدید باشوں اور کوہالہ برائیڈل روڈ پر نکاسی آب کا معقول انتظام نہ ہونے کے باعث مری کے معروف دیول بازار کی چونتیس سے زائد دکانیں اور متعدد رہائشی مکان اور ہوٹل لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر تباہ ہو گئے۔
متاثرہ دکانداروں نے تباہ حال ملبے سے اپنا مال اسباب سمیٹنا شروع کر دیا ہے ادھر کوہالہ برائیڈل روڈ کا ایک بڑا حصہ زمین میں دھنسنے کے باعث مظفر آباد کی ٹریفک کے علاوہ لوکل ٹرانسپورٹ بھی معطل ہے۔
دوسری طرف آزادکشمیر کے ضلع باغ کے مضافاتی علاقوں لسڈنہ ، درہ حاجی پیر ، سدھن گلی ، فاروڈ کہوٹہ ، راولا کوٹ ،دھیر کوٹ ، ارجہ اور دیگر مقامات پر شدید بارش اور برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں 3 سے 6 ، شیرکیمپ اور بیڈوری فرسٹ میں اس وقت تک 8فٹ برف پڑ چکی ہے۔
بارش سے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے درجنوں رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ لوگ پیدل سفر کر کے اپنی اپنی منزل پر پہنچ رہے ہیں۔ بیشتر مقامات پر کازوے میں پانی زیادہ آ جانے سے ٹریفک کا نظام معطل ہے۔