ممبئ (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ سوہا علی خان نے کہا ہے کہ انہوں نے فلم انڈسٹری سے کوئی وقفہ نہیں لیااور شادی کے بعد بھی فلموں میں کام کرتی رہیں گی۔
ممبئی میں ایک تقریب کے دوران شرکا کے سوالات کے جواب میں سوہا علی خان کا مزید کہنا تھا میں اس وقت بھی فلموں میں کام کررہی ہوں اور کچھ عرصہ قبل ہی میری فلم ’31 اکتوبر کی عکس بندی ختم ہوئی ہے اور ان دنوں اس کی پوسٹ پروڈکشن پر کام جاری ہے جب کہ کچھ ہی دنوں میں فلم گھائل کے سیکوئل گھائل ونس اگین کی شوٹنگ شروع ہونے والی ہے۔ یہ ایک ایکشن فلم ہے جس میں مجھے سنی دیول کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے اور میں اس فلم سے خود کو بہت آگے جاتا دیکھ رہی ہوں۔
سوہا علی خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں اپنے شوہر کنال کھیمو کے ساتھ پہلے بھی 2 فلمیں کرچکی ہوں۔ وہ ایک بہترین اداکار ہیں اور میری خواہش ہے ان کے ساتھ مزید فلمیں کروں مگر اس کے لیے اسکرپٹ بہترین ہونا چاہیے۔
فلم 31 اکتوبر کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سوہا علی خان نے کہا کہ جیسے ہی میں نے اسکرپٹ سنا تو کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا کیونکہ اس میں میرا کردار ایسا ہے جسے میں ہمیشہ سے کرنے کی خواہش رکھتی تھی۔ میرا کردار حقیقی زندگی پر مبنی ہے جس کے لیے مجھے پنجابی زبان سیکھنا پڑی اور فلم کی زیادہ تر شوٹنگ دیہات میں کی گئی ہے اور یہ ایک ایسا کردار ہے جو ہمیشہ میری یاد میں محفوظ رہے گا۔