بنکاک (جیوڈیسک) مارشل آرٹ کا ماہر ، بہترین اداکار اور مارشل آرٹ کو مقبول بنانیوالے بروس لی کی آج 42 ویں برسی ہے۔
عرصہ گذر گیا، لیکن دنیا کمال کے داؤ پیچ دکھانے والے بروس لی کو نہیں بھولی۔ وہ مارشل آرٹ کا ماسٹر تھا ،ایسے داو پیچ دکھاتا کہ بڑے بڑے اس کے سامنے آنے سے گھبراتے۔ پتہ ہی نہ چلتا کہ وہ کب ، کہاں اور کیسے داو لگادے گا۔
بروس لی کا تعارف صرف ایک نہیں، ہانگ کانگ امریکن مارشل آرٹسٹ ، ایکشن فلم ایکٹر ، مارشل آرٹ انسٹرکٹر ، فلاسفر ، فلم میکر غرض ایک شخص میں کئی کردار سمائے ہوئے تھے۔ 20 جولائی 1973ء کی رات بروس لی نے سر درد کی شکایت کی۔ اس وقت بروس لی تائیوانی اداکارہ بیٹی ٹنگ پی کے گھر تھے۔
اداکارہ نے بروس لی کو سر درد کیلئے جو گولی دی، اس سے بروس لی کو الرجی تھی۔ یہ گولی کھاکر مارشل آرٹ کا ہیرو جو سویا ، پھر کبھی نہیں جاگا۔ ایک چینی اخبار کے مطابق بروس لی کی برسی کے موقع پر ایک کتاب ریلیز ہونے جارہی ہے، جس میں بروس لی اور بیٹی ٹنگ پی کی محبت کی داستان رقم ہوگی۔