کراچی (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں کراس میڈیا کا حمایتی تھا مگر فوج شروع ہی سے مخالف تھی کہ کسی کو دیوتا نہ بنایا جائے۔ مارشل لا کبھی موسم کے مطابق نہیں بلکہ حالات کے مطابق آتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں ذاتی طور پر کسی بھی نجی ٹی وی چینل کی بندش کے خلاف ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فوج اور نجی ٹی وی چینلز دونوں کو گولیاں دے رہے ہیں۔ وزیراعظم ہر 20 دن بعد بیرون ملک جاتے ہیں مگر ایک بار بھی سینیٹ نہیں گئے۔
اس وقت جمہوریت خطرے میں ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے جانے کے بعد رانا ثنااللہ کی کوئی حیثیت نہیں۔ رانا ثنااللہ کو استعمال کیا جا چکا ہے۔
افتخار محمد چوہدری نے سب سے زیادہ فون رانا ثنااللہ کو کیے تھے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگر پاکستان سے تعلقات بگاڑے گا تو خسارے میں رہے گا۔ ن لیگ کی حکومت پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی کیس نہیں کھولے گی۔