اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملک کو جمہوریت کے نام پر جمود کی حامی قوتوں نے یرغمال بنا رکھا ہے اور روایتی سیاسی جماعتیں عوامی مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہیں۔
ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وہ حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلیے سیاسی انتخابی عدالتی سماجی اور معاشی اصلاحات چاہتے ہیں اور اسی ایجنڈے کی تکمیل کیلیے انقلاب مارچ کرنے جا رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ان کی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں مارشل لالگنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ان حالات میں اگر فوج اور شریف حکومت میں معاملات طے پا گئے تو اپ کہاں کھڑے ہوں گے؟ اس پر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ انھیں اس بارے میں علم ہے نہ ہی انہیں اس سے کوئی دلچسپی ہے، ہماری تحریک کا فوج اور شریف حکومت کے عزائم سے کوئی تعلق نہیں ہے ہماری ساری جدوجہد عوام کے مسائل کے حل اور انسانی حقوق کیلیے ہے۔