نیویارک (جیوڈیسک) امریکا میں شہری حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والے مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے عالمی شہرت یافتہ مارچ کو50 برس مکمل ہوگئے ہیں۔
اس موقع پر ایک تصوری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں اس دور میں لی گئی یادگار تصاویر کو پیش کیا گیا ہے۔ 1960 کی دہائی میں مارٹن لوتھرکنگ جونیئر نے سیاہ فام امریکیوں کیلئے مساوی حقوق کی تحریک چلائی تھی۔
اس سلسلے میں 1965 میں امریکی ریاست الباما کے شہر سلما سے مونٹگومری تک تاریخی مارچ کیا گیا تھا۔جس کے چار ماہ بعد اس وقت کے امریکی صدر لینڈن جانسن نے سیاہ فام امریکیوں کو ووٹ دینے کا حق دیا تھا۔اُن یادگار لمحوں کو اُس وقت کے کئی فوٹوگرافرز نے اپنے کیمروں میں محفوظ کیا تھا۔
انہی میں اسٹیفن سمراسٹائن بھی شامل تھے، جن کی عمر اُس وقت 24 برس تھی اور وہ اس یادگار مارچ میں شرکت کیلئے نیویارک سے الاباما پہنچے تھے۔ اسٹیفن نے اس مارچ کے دوران 400 سے زائد تصاویر لی تھیں جن میں سے 50 اس نمائش میں پیش کی گئی ہیں، یہ تصویری نمائش ہسٹاریکل سوسائٹی میں منعقد کی گئی ہے، جو 19اپریل تک جاری رہے گی۔