کراچی (اسٹاف رپورٹر) غوث بخش بزنجو فٹ بال اسٹیڈیم پر گوادر یونائیٹڈ فٹ بال کلب کے زیر اہتمام منعقدہ “آل پاکستان ڈپٹی کمشنر گوادر چیلنج کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر کی شہید عبداللہ مراد فٹ بال کلب نے میزبان گوادر یونائیٹڈ فٹ بال کلب کو 4-2سے مات دیکر اپنے نام کرلیا۔
فائنل میچ میں ریفریز کے فرائض انیس اختر ،شاہنواز بلوچ ،محمد فضل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر شریف شاہد اور میڈیا کوارڈینٹر اسحاق عثمان تھے۔
فائنل میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر گوادر نے فاتح شہید عبداللہ مراد ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر کو 50اور رنر اپ ٹیم گوادر یونائیٹڈ کلب کو 25ہزار جبکہ ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلیٰ میر عبدالغفور کلمتی نے فاتح ٹیم کو 75اور رنر اپ ٹیم کو 25ہزار روپے کیش انعام سے نوازا ۔شہید عبداللہ مراد کلب کے منیر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور ٹاپ اسکورر قرار دیئے گئے۔
جبکہ اسماعیل بہتری گول کیپر کا ایوارڈ حاصل کیا ۔تقسیم انعامات کی تقریب میں گوادر پورٹ کے چیئر مین دوستین جمال دینی،پی ایس ڈی سی گوادر عبدالرزاق بلوچ ،فاروق آسکانی ،کوارڈینٹر میر راشد کلمتی ،اسحاق عثمان ،حنیف بلوچ ،اقبال جونیئر ،شاہد تاج ،رحیم بخش بلوچ اور دیگر موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل احمد بلوچ نے شاندار ایونٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا اعلان کیا اور گوادر یونائیٹڈ فٹ بال کلب کے تمام کھلاڑیوں کو ملازمت دلا نے کا اعلان کیا۔