لاہور (جیوڈیسک) سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 6 ماہ مکمل ہونے پر پاکستان عوامی تحریک تمام بڑے شہروں لاہور، اسلام آباد، کراچی، ملتان، فیصل آباد میں مظاہرے کریگی۔ طاہر القادری کا چوروں، لٹیروں اور وڈیروں سے کوئی مطالبہ نہیں بلکہ انکی طاقت تو بیواؤں، یتیموں کے آنسو اور سسکیاں ہیں۔ عوامی تحریک کی آئندہ کی حکمت عملی اور احتجاجی تحریک کے بقیہ شیڈول کا اعلان 17 دسمبر کو کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار عوامی تحریک ویمن ونگ کی راضیہ نوید، عائشہ شبیر اور کلثوم طفیل نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتجاجی مظاہروں میں بینرز، کتبے اور پھول اٹھا کر شہدا کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکن کے قتل کی بھی پر زور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بنا ئی گئی حکومتی جے آئی ٹی عدل و انصاف اور شہدا کے خون سے مذاق ہے ۔شہدا کے خون سے بے وفائی ہو گی نہ ہی انقلاب موخر ہو گا۔ قاتل پولیس مدعی بن بیٹھی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب جب تک استعفیٰ نہیں دیتے اس وقت تک غیر جانبدارانہ تحقیقات کی کوئی امید نہیں۔