پشاور (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے ہر بچے کے خون کا حساب لیں گے ، ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ، ان بچوں کے خون کا قرض ہے ، جیسے قائد اعظم نے اس ملک کا خواب دیکھا تھا میں بھی اس ملک کو ویسا ہی ملک بنانا چاہتا ہوں۔
میں شہید بچوں کے والدین کا درد محسوس کرسکتا ہوں ، ہمیں یقین ہونا چاہیئے کہ وہ بچے جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام پر موجود ہیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ تمام پاک فوج ، ادارے ان لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم ان کے درد کا مداوا کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد ہے کہ ہم ان بچوں کے والدین کا دکھ کم کر سکیں ، لواحقین اور بہن بھائیوں کو اعلیٰ تعلیم اور روزگار دلوانے کی کوشش کریں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج ملک میں پھیلی ہوئی دہشتگردی کا خاتمہ کرنا چاہتی ہیں تاکہ اس ملک کو ایک بار پھر سے امن کا گہوارہ بنایا جا سکے ، سانحہ آرمی پبلک سکول میں جو شہید ہوئے اللہ ان کی مغفرت کرے اور ان کے درجات کو بلند کرے۔