یوم شہداء آزادی مارچ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ چھٹیاں منسوخ

Martyrs Day

Martyrs Day

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) ضلع گوجرانوالہ میں جلسے جلوس، احتجاج، ریلیوں، یوم شہدا اور آزادی مارچ کے پیش نظر تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے افسران،ڈاکٹرز وعملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ریسکیو 1122، ایف آئی اے اورمحکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ، گیپکو اور سوئی گیس کی ٹیمیں ہفتہ وار چھٹی پر بھی سپیشل ڈیوٹی پر موجود رہیں گی۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال گوجرانوالہ سمیت تمام تحصیل ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں تا حکم ثانی 24 گھنٹے سروسز کا آغاز کر دیا ہے۔غفلت کے مرتکب سرکاری ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں انسانی جان بچانے والی ادویات کا سٹاک منتقل کر دیا گیا ہے۔

کسی نا خوشگوار واقعہ کی صورت میں زخمیوں کی فوری طبی امداد کیلئے سینئر ڈاکٹرز کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 14 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کا آزادی مارچ گوجرانوالہ کے راستے سے گزرنا ہے، موجودہ صورتحال میں پولیس اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے کارکنان اور تحریک انصاف و عوامی تحریک کے کارکنان کے مابین تصادم کا بھی خطرہ ہے۔

اس ساری صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کے حکم پر ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر انور امان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال اور محکمہ صحت کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر سید سخاوت علی نے ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ڈاکٹرز و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر تے ہوئے ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔