شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی جامعہ رضویہ ضیاالعلوم کے طلبہ کی ریلی

Students Rally

Students Rally

راولپنڈی (جیوڈیسک) جامعہ رضویہ ضیاء العلوم میں بزم ارشاد کے طلبہ نے سانحہ پشاور میں ملک کی سب سے بڑی دہشت گردی میں شہید ہونے والے طلباء ، اساتذہ اور پاک آرمی کے جوانوں کے لئے قرآن خوانی کی اور ان کی بلندی درجات اور ان کے لواحقین کیلئے خصوصی دعا کی، اس دردناک واقعہ کی مذمت اور شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیلئے ایک پرامن ریلی نکالی جس کا آغاز جامعہ رضویہ ضیاء العلوم ڈی بلاک سیٹلائٹ ٹاؤن سے ہوا جو مری روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب راولپنڈی میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت مولانا سردار احمد حسن سعیدی، مولانا مفتی محمدحنیف قریشی، مولانا منیر دلپذیر، مولانا محمد کامران عباسی، مولانا ثاقب ہزاروی ، مولانا مظہر حسین شاہ نے کی ،طلباء اور علماء کرام نے شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکول پر حملہ پورے پاکستان پر حملہ ہے۔

وہ اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں،پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے یہ دہشت گرد اسلام دشمن اور پاکستان دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں ،یہ یہود و ہنود کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور پاکستان کو عدم استحکام کا شکارکر کے اپنے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنا چاہتے ہیں لیکن دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ جامعہ رضویہ ضیاء العلوم کے طلبہ نے احتجاج کے آخر میں تمام شہداء کے لئے دعا کی اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور ساتھ ہی افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت اور اس کی کامیابی کے لئے دعا کی۔