اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے حکومت سے ڈیل کی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کردی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جہاں شہباز شریف ہوتے ہیں وہاں میری ضرورت نہیں ہوتی، مجھے آزاد جموں کشمیر الیکشن کی ذمہ داری دی گئی ہے، (ن) لیگ آزاد کمشیر میں مضبوط پوزیشن میں ہے، شفاف الیکشن ہوئے تو کوئی شک نہیں کہ کشمیر میں (ن) لیگ جیتے گی۔
صحافی کی جانب سے ڈیل سے متعلق سوال پر لیگی رہنما نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ہر بات میں ڈیل نکال کر لے آتے ہیں، کیوں ڈیل ہوگی اور کس کے ساتھ ہوگی، کیا ہم پاگل ہیں کہ ان کے ساتھ ڈیل کرلیں گے جن کے خلاف جدوجہد ہے، اتنی قربانیاں دینے کے بعد ہم پاگل ہیں کہ ڈیل کرلیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ لگ رہا ہے کہ حکومت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کر لی ہے، اگرایسا نہیں ہے تو کوئی تردید کیوں نہیں آرہی، اگر ایسا ہے تو قوم کو بتائیں تاکہ قوم اپنا فیصلہ لے، یہ آپ کا ذاتی فیصلہ نہیں ہے، اگر آپ نے دوستی کرنی ہے تو یہ آپ نہیں کرسکتے، 22 کروڑ عوام فیصلہ کریں گے، ان کواعتماد میں لیں اورسچ بتائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری پی ٹی آئی آپس میں گتھم گتھا ہے ، الیکشن آئے گا تو ان کا حال آپ کے سامنے ہوگا، یہ حکومت جب جائے گی تو دوبارہ نہیں آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چوائس صرف عوام کی ہونی چاہیے، عمران خان کی صورت میں چوائس کا نتیجہ قوم نے دیکھ لیا۔