اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے حکومت کو چند دنوں کا مہمان قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو ہٹانے کا طریقہ کار بھی جلد سامنے آ جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آیا کہ وفاقی وزیر داخلہ کو ہاتھ سر پر ہونے کی بات کہنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
انہوں نے کہا کہ وزراء عمران خان کے منہ پر ان کی بے عزتی کر رہے ہیں، قومی اسمبلی اور کابینہ میں ارکان کھڑے ہو کر ان کی نااہلی کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، وزراء کے بیانات سے ظاہر ہے کہ ان کا انجام قریب ہے۔
ن لیگ میں بغاوت کے دعوؤں کو حکومت کی نااہلی اور نالائقی سے توجہ ہٹانے کا ہتھکنڈا قرار دیتے ہوئے مریم نے کہا کہ ن لیگ آگ کے دریا سے گزر کر آئی ہے، ڈرانے، دھمکانے، لالچ اور بدترین انتقام کے باوجود ن لیگ کا ایک ایک ایم این اے اور ایم پی اے چٹان کی طرح کھڑا رہا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جب بھی اس حکومت کے دور میں کوئی سانحہ ہوا ذمہ دار عوام کو ٹھہرایا گیا، سانحہ مری میں بھی حکومت نے ایسا ہی کیا۔