اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز سے خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی زبان عورتوں کے خلاف ہتک آمیز جب کہ پارلیمنٹ کے وقار کے خلاف ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کی پارلیمنٹ میں غیر شائستہ اور غیر پارلیمانی زبان ہرگز قبول نہیں، خواجہ آصف کے نازیبا الفاظ سے پارلیمان کا تقدس مجروح ہوا ہے، مریم نواز بحیثیت عورت اس کا فوری نوٹس لیں۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی وزیر نے خواتین کے بارے میں توہین آمیز الفاظ بولے جو ناقابل قبول ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خواجہ آصف کی تقریر کے دوران شریں مزاری کی مداخلت پر وفاقی وزیر کے متنازع جملے پر حکومتی اور اپوزیشن بینچوں کے درمیان ہنگامہ برپا ہوگیا تھا۔