لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام ہٹانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز نے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے امجد پرویز ملک ایڈوکیٹ کے توسط سے پٹیشن دائر کی ہے۔
مریم نواز کی لاہور ہائیکورٹ میں دائر پٹیشن کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کر لی ہے جس کے مطابق انہوں نے پٹیشن میں وفاق، ایف آئی اے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سیل کو فریق بنایا ہے۔ ان کے علاوہ مریم نواز نے درخواست میں چئیرمین نیب اور ڈی جی نیب کو بھی فریق بنایا ہے۔
مریم نواز نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ والد ( نواز شریف) کی صحت تشویشناک ہے، میرا ان کے ساتھ ہونا بہت ضروری ہے، انتہائی نگہداشت کے وقت والد کے ساتھ نہ ہونے پر سخت ذہنی دباؤ میں ہوں۔
درخواست میں مریم نواز نے استدعا کی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں نام ڈالنےکا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے اور اُنہیں اس لسٹ سے نام ختم کرنے کے احکامات دئیے جائیں۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے پٹیشن میں 6 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ان 6 ہفتوں کا وقت بیرون ملک روانگی کے دن سے شروع کیا جائے۔
درخواست میں ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے کے لیے ایک بار کی اجازت دی جائے اور ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع پاسپورٹ بھی واپس دیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نیب نے سپریم کورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کے مریم نواز کی ضمانت بعد از گرفتاری کی رعایت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی ہے۔