لاہور (جیوڈیسک) پرویز رشید کا کہنا ہے پارٹی کو بند گلی میں لے جانے کیلئے کون کوشاں ہے، سب کو پتا ہے، مریم نواز پارٹی کو بند گلی سے باہر لے کر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا عوامی سطح پر مریم نواز کی پذیرائی کس کو ہضم نہیں ہو رہی، سب جانتے ہیں۔
سینیٹر پرویز رشید نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا چوہدری نثار کے مستقبل کا فیصلہ شہباز شریف کو کرنا ہے، میں پارٹی کا منتخب عہدیدار رہا ہوں، پارٹیوں میں جگہ انتشار پھیلانے سے نہیں بنتی، چودھری نثار کبھی بھی پارٹی کے تنظیمی عہدیدار نہیں رہے۔ انہوں نے کہا نگران حکومتوں کا کام انتخاب کروانا ہے بڑے فیصلے کرنا نہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا گالم گلوچ اور انتشار انتخابات سے راہ فرار حاصل کرنے کی کوشش ہے، انتشار کون پھیلا رہے ہیں، کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ انہوں نے کہا جوڈیشل مارشل لا کی بات کرنیوانوں کو مارشل لا کیوں یاد آتا ہے، چور دروازوں سے اقتدار میں آنے کے دن گئے۔ پرویز رشید نے کہا احتسابی عمل کس حد تک غیر جانبدار ہے قوم جانتی ہے، میدان سے بھاگنے والے نہیں، سازشی عناصر کا مقابلہ کریں گے۔