فلسطین (جیوڈیسک) حنا فلسطین میں مسیحی برادری کے آرتھوڈوکس فرقے کے سربراہ اور ممتاز مذہبی لیڈر عطا اللہ حنا نے مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابل معافی اقدام قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول پر یہودی آباد کاروں کی یلغار کسی قیمت پرقبول نہیں۔ عالم اسلام اور عالمی برادری کو قبلہ اول کے دفاع کیلئے فوری اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے ۔اپنے بیان میں عطا اللہ حنا کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ پر یہودیوں کے حملے ہم سب پر حملے کے مترادف ہیں۔ یہودی شرپسند ہماری تاریخ، ثقافت، تہذیب اور فلسطین کے مسلمانوں اور مسیحی برادری کے درمیان دوستانہ مراسم کو ختم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر اگر خاموشی اختیار کی گئی تو ہم اپنی قدیم تاریخ اور تہذیبی روایات سے محروم ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عرب ممالک سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسجد اقصیٰ کو صہیونی دست درازی سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کریں۔