مسجد الحرام کا توسیعی مرحلہ مکمل ، شیخ السدیس نے کام کا جائزہ لیا

Sheikh Al Sudais

Sheikh Al Sudais

مکہ (جیوڈیسک) سعودی عرب میں معتمرین اور حجاج اکرام کی ہر سال بڑھتی تعداد کے پیش نظر حرمین الشریفین کی توسیع کا کام چلتا ہی رہتا ہے۔

اسی اضافے کو دیکھتے ہوئے مسجد الحرام میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کا رمضان کی آمد کے ساتھ ہی دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ مسجد نبوی کے امام شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے تعمیری کام کے جائزے کے بعد میڈیا کو بتایا۔

کہ خانہ کعبہ کا طواف کرنے کے لئے مختص صحن یعنی مطاف کی نچلی اور پہلی منزل کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے، جبکہ دوسری منزل کا بھی 80 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے، حتیٰ کہ لفٹ اور خودکار زینوں کی تنصیب بھی مکمل ہوگئی ہے۔

دوسرے مرحلے میں مطاف کے مشرقی حصے کی باب الفتح سے باب عمرہ تک توسیع کا کام ہونا تھا اور یہ کام دن رات محنت سے مکمل ہوا۔ یہ توسیعی کام 25 ہزار مربع میٹر پر مشتمل تھا۔

یعنی پہلے مرحلے سے دگنا رقبے پر۔ توسیع کے بعد ایک گھنٹے میں مزید 75000 افراد بیک وقت طواف کرسکیں گے۔ اس طرح مجموعی طور پر ایک وقت میں ایک گھنٹے کے دوران ایک لاکھ تیس ہزار زائر ین طواف کرسکیں گے۔

جبکہ مسجدمیں بیک وقت عبادت کرنے والے افراد کی تعداد میں 20 لاکھ کا اضافہ ہوجائے گا۔ اس توسیعی منصوبے پر 100 ارب ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ رمضان اور موسم حج کے باعث چار مہینے تک توسیع کا کام بند رہے گا۔