مسعود احمد بھٹی کے قتل پر پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کی ہے، محمود الرشید

مصطفی آباد/للیانی: مسعود احمد بھٹی کے قتل پر پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کی ہے، پنجاب حکومت جلد ہی مسعود احمد بھٹی کے قتل کے حوالے سے جواب دے گی، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کچھ مصروفیت کی وجہ سے مسعود احمد بھٹی کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے نہ آسکے،وہ جب بھی لاہور کا دورہ کریں گے مسعود احمد بھٹی کے اہل خانہ سے تعزیت کیلئے ضرور ان کے گھر ستوکی میں آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے پریس کلب مصطفی آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سنیئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف قصور حاجی سیف اللہ طاہر مغل، سابقہ ایم پی اے چوہدری الیاس خاں، سابقہ ضلعی صدر سرور خاں میئو، حامد مختار پٹواری، بھائی ندیم اختر، وسیم اختر میئو،وسیم عباس قادری ،ظفر اقبال، قیصر ایوب شیخ، ثروت روبینہ، سردار فاخر علی ایڈووکیٹ، میاں افضل جتالہ ودیگر رہنمائوں کی بڑی تعداد بھی ہمراہ تھی۔میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو اپنی غلطیوں کو احساس ہے انٹرا پارٹی الیکشن غلط وقت پر ہوئے جس وقت ہمیں جزل الیکشن کی تیاری کرنے تھی اس وقت انٹرا پارٹی الیکشن کروا دئیے۔ ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ پر نہ ہو سکی۔ ایک بات انتہائی خوش آئندہ ہے کہ تمام تر غلطیوں اور دھاندلی کے باوجود تحریک انصاف دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں ٹکٹوں کی تقسیم کے سلسلہ میں کارکنان سے مشاورت کی جائے گی اور ٹکٹ میرٹ پر دئیے جائیں گے۔ کارکنان تبدیلی کے راستے کو مزید ہموار کرنے کیلئے عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔