مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار کی زیرصدارت یمن کی صورتحال پر اہم اجلاس

Lahore

Lahore

لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین بین المذاہب امن اتحاد پاکستان قائدروحانی انقلاب صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار کی زیرصدارت یمن کی صورتحال پر مرکزی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد کیا گیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان نے کہا کہ یمن کی کشیدگی کم کروانے اور جنگ بندی کیلئے اسلامی ممالک کی سربراہ تنظیم او آئی سی اپنا کلیدی کردار ادا کرے اور تمام اسلامی ممالک مل بیٹھ کر مفاہمت کی راہ ہموار کرتے ہوئے قیام امن کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔

انہوں نے کہاکہ حرمین شریفین اور مدینہ منورہ کی حرمت ہر مسلمان پر لازم ہے اور اس کی حرمت و تحفظ کیلئے ہمہ تیار ہیں پاکستان کو کسی بھی صورتحال پر اندرونی چیلنجز کو مد نظر رکھنا ہوگا۔پیر احسان الحق معصومی نے کہا کہ یمن میں جاری جنگ کے خاتمے کیلئے دونوں فریقین پر اسلامی برادری زور دے تاکہ قتل و غارت کا سلسلہ رک سکے۔

پیر الطاف حسین نقشبندی نے کہاکہ حرمین شریفین کی حفاظت خود اللہ رب العزت نے لے رکھی ہے اور وطن عزیز پاکستان نے ہمیشہ مسلم ممالک میں افہام و تفہیم کوعملی طورپر فروغ دیا ہے صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کہاکہ دوفریقین کی لڑائی میں دونوں اطراف سے نقصان امت مسلمہ کا ہی ہو رہاہے مسلمان دوسرے مسلمان بھائی کو ماررہاہے لہذا پوری دنیا کے سربراہان اسلامی ممالک فوری طور پر ایک اہم اجلاس طلب کریں اور فوری طور پر امن قائم کرنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے اجلاس سے دیگر مشائخ نے بھی خطاب کیا جبکہ اختتام پر ملکی سلامتی و ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔