مظفرآباد (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب اور پاکستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار مسعود خان 42 ووٹ لے کر پاکستانی کشمیر کے 27 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
محمد مسعود خان پاکستان کے معروف سفارت کار رہے ہیں وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں پاکستان کے مستقل مندوب بھی رہے جب کہ اُس سے قبل وہ چین میں بھی پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں۔
پاکستانی وزارت خارجہ سے وابستگی کے دوران وہ مختلف اہم عہدوں پر تعینات رہے، جن میں وزارت خارجہ کے ترجمان کا منصب بھی شامل ہے۔ دوران ملازمت واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں پانچ سال تک بحیثیت کونسلر اپنے فرائض سر انجام دیتے بھی دیتے رہے۔
پاکستانی کشمیر کا صدر نامزد ہونے سے قبل ہو اسلام آباد میں انسٹیویٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔
ان کا تعلق پاکستانی کشمیر کے علاقے راولاکوٹ سے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو واضح اکثریت ملی تھی اور اسی جماعت کے راجہ فاروق حیدر پاکستانی کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔