ریو ڈی جنیرو (جیوڈیسک) جرمن ٹیم کے باس کا کہنا ہے کہ ماریو نے ویسا ہی کیا جیسا میں کہہ کر اسے میدان میں بھیجا تھا اور کامیابی نے ہمارے قدم چوم لئے۔ برائن میونخ کے نوجوان ماریو گوئٹز کوکوچ لو نے، ”میریکل بوائے“ کا نام دیا ہے۔
کوچ نے کہا ہے کہ میں نے اس بچے کو یہ باور کرا کے ہی فیلڈ میں بھیجا تھا کہ تم میسی سے بہتر کھلاڑی ہو اور تم گول کر کے ورلڈ کپ جتوا سکتے ہو۔ اس نے میری بات کو سچ ثابت کر دیا۔
اب جب کہ جرمنی اسی لڑکے کے گول کی بدولت فائنل جیت چکا ہے، کوچ نے اس کے بارے میں کہا ہے کہ یہ لڑکا میدان میں کچھ بھی کر سکتا ہے۔ 54 سالہ کوچ لو نے کہا کہ آج کی فتح پچھلے دس سال کے ہوم ورک کا نتیجہ ہے۔
ان دس سالوں کے دوران ہم نے خوب محنت کی اور اس ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دے کر عالمی چیمپئن بن گئے ہیں۔ جنوبی امریکا میں فتح کے جھنڈے گاڑھنے والی پہلی یورپی ٹیم ہونے پر ہمیں فخر ہے۔