موہالی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل مقابلوں میں زیادہ مین آف دی میچ ایوارڈز کا پاکستانی آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ سے دوسرے ٹی 20 میں میچ کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ حاصل کیا جو ان کا اس طرز میں 11واں اعزاز ہے، آفریدی نے بھی اپنے مختصر ترین فارمیٹ کے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران اتنے ہی مین آف دی میچ ایوارڈز جیتے،ان دونوں سے آگے افغانستان کے محمد نبی موجود ہیں۔ میچ کے بعد شاہد آفریدی نے ٹویٹر پر ویرات کوہلی کو بہترین پرفارمنس پر مبارکباد بھی دی۔
دریں اثناکوہلی نے اپنے ہی ساتھی کھلاڑی روہت شرما سے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ٹاپ اسکورر کا ریکارڈ چھین لیا، جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے میچ میں 52 بالز پر ناٹ آئوٹ 72 رنز بنانے والے بھارتی کپتان کے اس طرز میں مجموعی رنز کی تعداد 2441 ہوچکی جوانھوں نے 71 میچز میں اسکور کیے ہیں، روہت شرما نے اب تک 97 ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 2434 رنز بنائے ہیں۔