کراچی (جیوڈیسک) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت میٹرک کے ضمنی امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،امتحانات جمعہ سے شروع ہوں گے جو 26 نومبر تک جاری رہیں گے۔
امتحانات میں مجموعی طور پر 34937 طلبہ وطالبات شریک ہورہے ہیں جس میں طلبہ 20297 اور 14640 طالبات شامل ہیں ،امیدواروں کے لیے بورڈ کی جانب سے شہرکے سرکاری ونجی اسکولوں میں 102 امتحانی مراکزقائم کیے ہیں، بورڈ کے تحت سائنس گروپ کے امتحانات صبح کے وقت 9 بجے سے 12 بجے تک جبکہ جنرل گروپ کے پرچے دوپہر2 بجے سے شامل 5 بجے تک لیے جائیں گے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات نعمان احسن کے مطابق بورڈ کی جانب سے امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے ڈائریکٹراسکولز کراچی، ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ اورسینئراساتذہ پر مشتمل ویجلنس کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، میٹرک سائنس گروپ کے امتحانات میں 29775 طلبہ شریک ہورہے ہیں جن میں 18142 طلبہ اور 11633 طالبات شامل ہیں۔
اس طرح میٹرک جنرل گروپ (ریگولر) میں 3233 امیدوار شریک ہونگے جن میں 723 طلبہ اور 2510 طالبات ہیں جبکہ میٹرک جنرل گروپ (پرائیویٹ) میں 1929 طلبہ شریک ہونگے جن میں 1432 طلبہ اور 497 طالبات شامل ہیں ،امتحانات کے لیے قائم کیے گئے 102امتحانی مراکز میں سے 57 مراکز طلبہ اور 45 طالبات کے لیے بنائے گئے ہیں۔