کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے سائٹ میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ارکان سمیت 22 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق سائٹ کے علاقے میٹرول میں رینجرز نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔
اس دوران علاقے میں کسی بھی شخص کو آنے اور جانے کی اجازت نہیں تھی۔ ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 22 ملزمان کو گرفتار کر کے 55 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر حامد کا کہنا تھاکہ میٹروول سائٹ میں ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی ہے اور کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے ملزمان میں سے 6 کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے جس علاقے میں بھی جرائم پیشہ افرادہوں گے وہاں کارروائی کریں گے۔ کورنگی سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ روز ملزمان گرفتار کیے گئے جو پولیس اہل کاروں کو قتل کرنے سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔
بریگیڈیئر حامد کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور روشنیوں کے شہر کی روشنیاں واپس لائیں گے۔