میتھیو سمندری طوفان، کم از کم 10 افراد ہلاک

Hurricane

Hurricane

واشنگٹن (جیوڈیسک) سمندری طوفان، میتھیو بحیرہ ٴکیربین میں تقریباً ایک عشرے میں آنے والے طوفانوں میں شدید طوفان بتایا جاتا ہے، جس کا بدھ کے روز باہاماز جزیروں کی جانب رُخ جاری رہا، جس سے قبل اُس نے ہیٹی اور کیوبا میں ہلاکتیں اور تباہی مچائی۔

ہیٹی اور جمہوریہٴ ڈومنیکن کے جزیرے پر کم ازکم 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کیربین کے خطے کے لیے امریکی افواج کے کمانڈر، امریکی بحریہ کے ایڈمرل، کُرٹ ٹِڈ نے بدھ کے روز اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ہیٹی کی حکومت کی مدد کی درخواست پر امریکہ نو فوجی ہیلی کاپٹر روانہ کرچکا ہے۔

اِن میں سے کچھ ہیلی کاپٹر تلاش اور امداد کی کارروائیاں کریں گے، جب کہ دیگر رسد کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوں گے۔

اُنھوں نے بتایا کہ امریکی بحریہ کے ایک ایڈمرل ہیٹی جا رہے ہیں تاکہ طوفان کے نتیجے میں امداد کی فراہمی سے متعلق کام میں مشترکہ ٹاسک فورس سے رابطہ قائم ہو سکے، اور توقع ہے کہ 150 سے 200 فوجی اہل کار ہیٹی پہنچیں گے۔ اِن میں تقریباً 100 وہ اہل کار ہوں گے جو ہیلی کاپٹر کی تعیناتی سے متعلق ہوں گے۔ ایڈرمل ٹِڈ نے کہا کہ یہ تمام کارروائی ’پورٹ او پرنس ہوائی‘ اڈے پر ہوگی۔

ہیٹی نے اپنے صدارتی انتخابات کو مؤخر کر دیا ہے، جو اتوار کو ہونے والے تھے، چونکہ متعدد اسکول اور چرچ، جنھیں پولنگ اسٹیشن بنایا جانا تھا، اُن میں بے گھر ہونے والے ہزاروں لوگوں کو پناہ دی گئی ہے۔