مولانا عبدالستار نیاز کی 13 ویں برسی، مجاہد ملت کانفرنس 3 مئی کو ہوگی

لاہور : تحریک پاکستان کے رہنما، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور جے یو پی کے سابق صدر مولانا عبدالستار نیازی کی تیرہویں برسی کی مناسبت سے 3۔ مئی کو جمعیت علما پاکستان نیازی کے زیر اہتمام نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے اشتراک سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں مجاہد ملت کانفرنس ۔۔ بیاد مولانا عبدالستار خان نیازی منعقد کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر مجید نظامی کی زیر صدارت کانفرنس سے جے یو پی نیازی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی، ڈاکٹر رفیق احمد، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پیر اعجاز ہاشمی، انعام اللہ نیازی، اجمل نیازی، محی الدین محبوب کاظمی، غلام رسول اویسی، پیر عثمان نوری، عابد علی شاہ اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوںکے رہنما خطاب کریں گے۔واضح رہے کہ مولانا عبدالستار نیازی 2 مئی 2001 کو خالق حقیقی سے جاملے تھے۔ مرحوم نے تحریک پاکستان، تحریک ختم نبوت اور جمہوریت کی بحالی کی تحریکوںمیں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ اکتوبر 1915 میں عیسیٰ خیل میانوالی میں پیدا ہوئے۔ وہ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب ، مسلم لیگ پنجاب، جمعیت علما پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور صدر بھی رہے۔