نظام آباد(٣٠ نومبر۔ ای میل) محمد عابد علی لیکچرر کامرس و اکیڈیمک کوآرڈینیٹر گری راج کالج نظام آباد کو حکومت تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے بیسٹ لیکچرر ایوارڈ ملنے کی مسرت میں ایک تہنیتی تقریب مولانا آزاد اسٹڈی سنٹر واقع تبارک اسکول نظام آباد میں منعقد کی گئی۔
اس تقریب میں جناب عابد علی کی شال پوشی و گل پوشی کی گئی اور اسٹڈی سنٹر کے ذمہ داران کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔ تقریب کی صدارت محمد نصیر الدین کو آرڈینیٹر اسٹڈی سنٹر نے کی۔ جناب محمد قدوس صاحب سابق پرنسپل’ڈاکٹر محمد ناظم علی پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج موڑتاڑ’ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج’ محمد عابد علی لیکچرر کامرس’محمد عبدالبصیر لیکچرر اردو تلنگانہ اقامتی جونیر کالج اور محمد اعجاز اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر نے شرکت کی۔ جناب محمد نصیر الدین نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد عابد علی ایک فرض شناس’محنتی ‘قابل اور مثالی استاد ہیں۔ انہوں نے مضمون کامرس کی تدریس کے ذریعے مثالی خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی کامیابی جہد مسلسل کی داستان ہے۔
انہوں نے کامرس مضمون کو اردو میڈیم طلبا کے لئے بڑی محنت سے پڑھایا اور اپنے قابل طلبا کی وافر مقدار تیار کی۔ وہ نہایت سادگی پسند’اصول پسند اور خاموشی پسند استاد ہیں۔ گری راج کالج میں تدریسی و انتظامی صلاحیتوں سے اپنی شناخت پیدا کی۔ مضمون کامرس کی تدریس کے ساتھ وہ اردو ادب کا ستھرا ذوق رکھتے ہیں اور نثار تخلص اختیار کرتے ہوئے شاعری اور افسانہ نگاری بھی کی۔ ڈاکٹر محمد ناظم علی نے محمد عابد علی سے اپنی دیرینہ رفاقت کا ذکر کیا اور کہا کہ عابد صاحب نے اساتذہ برادری میں اپنی شخصیت کے نقوش چھوڑے ہیں۔ ان کو ریاستی حکومت کا بیسٹ لیکچرر ایوارڈ ملنا ایک خوش آئیند بات ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ محمد عابد علی نہایت سادگی پسند اور اصول پسند انسان واقع ہوئے ہیں۔ پیشہ تدریس میں انہوں نے اپنی مثال قائم کی ہے۔
انٹرمیڈیٹ کی حالیہ کامرس کی کتابوں کے ترجمے کے وہ مدیر رہے ہیں اور گری راج کالج میں بھی ان کی ہمہ جہت خدمات قابل ستائش ہیں۔ محمد عبدالبصیر نے کہا کہ محمد عابدعلی صاحب اپنے طلبا کے لئے ایک مثال واقع ہوئے اور اپنے ڈسپلن اور اصول پسندی و سادگی سے انہوں نے طلبا کے دلوں میں جگہ پیدا کی۔ اردو میڈیم کامرس کی تدریس میں علاقہ تلنگانہ میں ان کا ثانی نہیں ۔
انہوں نے جناب عابدعلی کے تعلیمی اور ملازمت کے سفر کی تفصیلات بھی پیش کیں اور کہا کہ محبوب نگر’ظہیر آباد اور نظام آباد میں ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ جناب اعجاز صاحب اور قدوس صاحب نے بھی عابدعلی کی خدمات کوخراج پیش کیا۔ محمد عابد علی نے انہیں تہنیت پیش کئے جانے پر اپنے اساتذہ اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج میں جو کچھ ہوں وہ اپنے اساتذہ کی تعلیمات کا اثر ہے۔ انہوں نے طلبا کو مشورہ دیا کہ وہ بھی سخت محنت اور ڈسپلن سے تعلیم حاصل کریں اور زندگی میں ترقی کی راہیں ہموار کریں۔