اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو ٹیلی فون کیا اور انہیں کُل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور نیشنل پارٹی کے رہنما حاصل بزنجو سے بھی رابطہ کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے حکومتی اتحادی جماعت بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل سے بھی رابطے کی کوشش کی تاہم ان کے بیرون ملک ہونے کے باعث رابطہ نہ ہوسکا۔
مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ اختر مینگل نے انہیں اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے 26 جون کو اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی، بجٹ منظوری روکنے سے متعلق معاملات پر مشاورت ہوگی، اس کے علاوہ حکومت مخالف تحریک اور لاک ڈاؤن کے فیصلے پر غور کیا جائے گا۔