اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف نے مولانا فضل الرحمان پر خودکش حملے کی تحقیقات نہ ہونے کے خلاف احتجاجی شیڈول کا اعلان کر دیا۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنا بھی دے سکتے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پر کوئٹہ میں ہونے والے خودکش حملے کی کئی ہفتے بعد بھی تحقیقات ہوئیں اور نہ ملزمان کی نشاندہی ہو سکی۔
جے یو آئی ف اس کے خلاف 5دسمبر کو چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں احتجاجی مظاہرے کرے گی، 19اگست کو ضلعی، 2 جنوری کو تحصیل سطح پر اور 27 فروری کو اسلام آباد میں احتجاج کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اسلام آباد میں دھرنا بھی دے سکتے ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ قوم کو بتایا جائے مولانا فضل الرحمان کی ذات کو کس جرم میں نشانہ بنایا جارہا ہے، جے یو ائی کا وفد وزیراعظم سے جلد دوبارہ ملاقات کرے گا۔