اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کہتے ہیں کہ نوازشریف ان سے شدید خوف زدہ ہیں اس لئے ان کے خلاف اشتہاری مہم چلائی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات اور ایک انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ وہ خالد محمود سومرو کے قتل کی بھرپور مذمت کرتے ہیں لیکن قتل کا یہ واقعہ سکھر میں ہوا ہے اور سڑکیں خیبر پختونخوا میں بند کی جارہی ہیں۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے سڑکوں کی بندش صحیح نہیں، نواز شریف اپنے مقصد کے لئے مولانا فضل الرحمان کو استعمال کر رہے ہیں اور مولانا فضل الرحمان بھی چند وزارتوں کے لئے اپنے کارکنوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے یہ سب تحریک انصاف کے جلسے کو ناکام بنانے کے لئے کیا۔ خیبر پختونخوا حکومت چاہتی تو جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کو پولیس کے ذریعے اٹھا کر پھینک دیتی لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔ اگر تحریک انصاف اور جے یو آئی کے کارکنوں میں تصادم ہوا تو انہیں بہت مار پڑے گی کیونکہ تحریک انصاف کے کارکن تعداد میں ان سے کہیں زیادہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دھرنا ختم کرنے سے قبل طاہر القادری نے انہیں اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا ، انہوں نے کہا تھا کہ ان کے لوگ تھک گئے ہیں اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ وہ جمہوری انسان ہیں، 18 سال کی سیاسی جدو جہد میں انہیں کئی مرتبہ حکومت میں شامل ہونے کے مواقع ملے لیکن انہوں نے تمام پیشکشوں کو ٹھکرا دیا۔
ان کی جنگ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، وہ اپنے دھرنے سے خوش ہیں کہ پاکستانی قوم کو سمجھ میں آگیا ہے کہ جب تک حکمرانوں پر دباؤ نہ ڈالیں حکومت کوئی بات نہیں مانتی۔
25 سال قبل اگر انتخابات میں دھاندلی پر لوگ کھڑے ہوجاتے تو آج انہیں دھرنے کی ضرورت نہ پڑتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت مذاکرات کے لئے تیار ہے، ہم وہیں سے اس سلسلے کو دوبارہ جوڑنا چاہتے ہیں جہاں سے یہ ٹوٹا تھا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات مکمل ہونے تک اگر نواز شریف استعفیٰ نہیں دیتے تو نہ دیں ہم بھی دھرنا جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اس وقت شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کے خلاف اشتہاری مہم چلا رہے ہیں اور اس مد میں وہ قوم کے خزانے سے یومیہ 3 کروڑ روپے خرچ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے لئے ان کا سفر آگے بڑھ رہا ہے، آج کا دن بہت اہم ہے بڑھو کہ منزل قریب ہے۔