وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) جماعت اسلامی ضلعی گوجرانوالہ کے امیر عبید اﷲ گوہر نے کہاہے کہ مولانامودوی کی فکری تحریک آج الحمدللہ تناور درخت بن چکی ہے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے لیے جماعت اسلامی کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی ہوئی نہیں ہیںمستقبل اسلام کاہے ۔ان شاء اللہ اسلامی تحریکیں طاغوت کے مقابلے میں کامیاب ہونگی۔
وزیرآبادمیں جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی وسیم شاہد اولکھ کی زیرصدارت76ویں یوم تاسیس کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا 26اگست1941ء کو 75 آدمیوں نے یہ انقلابی فیصلہ کیا کہ خالص قرآن و سنت کی بنیاد پر ایک جماعت قائم کی جائے۔ سید ابو اعلی مودودی جیسی قابل اور صاحب علم شخصیت کو ان کے ساتھیوں نے قیادت کی ذمہ داری سونپی۔ جماعت اسلامی روز اول سے اسلامی نظام کے قیام اور اتحاد امت کی داعی ہے۔
ہر کلمہ گو دوسرے کلمہ گو کا بھائی ہے۔ جماعت اسلامی تکمیل پاکستان کی جدوجہد میں شب و روز مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں تمام خرابیوں کی جڑ اسلام سے دوری ہے۔ دین اسلام کے بارے میں غلط تصورات پیش کرکے لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ بدامنی ، لاقانونیت ، کرپشن ، بے وزگاری ،سیاسی ، معاشی، معاشرتی، اخلاقی ، اقتصادی مسائل تب ہی ختم ہوں گے جب یہاں اسلام کا نظام اپنی اصل صورت میں نافذ ہوگا۔
جماعت اسلامی غریب ، مزدور ، کسان اور محروم طبقے کی ترجمان ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی موروثی جماعت نہیں ہے۔ اپنی صلاحیت کی بنیاد پر ایک غریب ترین آدمی بھی جماعت کا امیر بن سکتاہے دیگر تمام جماعتوں میں قیادت کا معیار دولت ہے ، جماعت اسلامی میں علم ، تقویٰ ، رزق حلال اور صلاحیت قیادت کے لیے پیمانہ ہے۔ جماعت اسلامی عالم اسلام کی سب سے بڑی اور منظم تحریک بن چکی۔
پرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں جماعت اسلامی کردار ادا کرسکتی ہے ہم سب کو جماعت اسلامی کے پیغام کو عام لوگوںتک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقعہ پر صابر حسین بٹ، عبد الوکیل علوی، آصف مسعود خان، عقیل احمد، محمد قیصر بٹ، محمد ندیم،زمان حیدر چیمہ اور دیگر بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔