کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مخالفین 5 دسمبر 2015ء کو ایم کیو ایم کے ساتھ عوام کی محبت کا اندازہ لگا لیں گے شہر کراچی کا میئر اور ڈپٹی میئر ہی نہیں بلدیہ تمام ضلعی اور یونین کمیٹیز کا چیئر مین بھی قائد تحریک محترم الطاف حسین کا نامزد کردہ نمائندہ ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کی مختلف یونین کمیٹیز میں محلوں کی سطح پر منعقدہ کارنر میٹنگ کے حوالے سے بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حق پرست نامزد امیدواران ،ایم کیو ایم شاہ فیصل سیکٹر اور یونٹس کے ذمہ دران کے علاوہ علاقہ معززین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ مخالفین ایم کیو ایم کی کارنر میٹنگ سے ہی اپنی شکست کا اندازہ کرلیں اجتماعات میں عوام کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کی عوام ایم کیو ایم مخالفین کو عبرتناک شکست سے دو چار کرنے کے لئے پر جوش ہیں اور انشا اللہ 5 دسمبر کو کراچی کے غیور عوام پتنگ پر مہر لگا کر ایم کیو ایم مخالفین کی سیاست کا جنازہ نکال دینگے۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوا یم اور قائد تحریک الطاف حسین سے عوام کا رشتہ غیر متزلز ل ہے 5دسمبر کو شہر کراچی کے عوام اپنے ووٹ کے ذریعے شہر کی تعمیر وترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے حق پرست اُمیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا ئیں گے۔