میئر کراچی نے مصطفیٰ کمال کو 3 ماہ کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کر دیا

Wasim Akhtar - Mustafa Kemal

Wasim Akhtar – Mustafa Kemal

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) میئر کراچی وسیم اختر نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کو 3 ماہ کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کر دیا۔

گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی مون سون بارشوں میں کرنٹ لگنے اور دیگر واقعات میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، ان بارشوں کے باعث شہر میں اب تک گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

مقامی، صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے اور شہر میں گندگی کے باعث وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں جس سے بچوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے۔

وفاقی وزیربرائے بحری امور علی زیدی بھی شہر کو صاف کرنے کی مہم لے کر سامنے آئے تھے لیکن ان کی کلین کراچی مہم کو صوبائی وزیر سعید غنی نے شہر کو مزید گندہ کرنے کی مہم قرار دیا تھا۔

اب پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کے دوران کراچی کا کچرا 3 ماہ میں صاف کرنے کا دعویٰ کیا اور باقاعدہ ایک پلان پیش کیا۔

تنقید اور طعنوں سے تنگ میئر کراچی وسم اختر نے مصطفیٰ کمال کو 3 ماہ کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

نوٹفیکیشن کے مطابق مصطفیٰ کمال کو اعزازی طور پر ڈائریکٹر لگایا گیا ہے اور تاحکم ثانی وہ عہدے پر برقرار رہیں گے۔

اب میئر کراچی میرے اور میں باقی لوگوں کا باس ہوں، مصطفیٰ کمال
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے میئر کراچی وسیم اختر کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وسیم اختر نے کچرے کے حوالے سے سارے اختیارات مجھے دے دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے یہ آرڈر قبول کرلیا ہے جس کے بعد ضلع وسطی، شرقی، کورنگی اور غربی میں سالڈ ویسٹ کا انچارج میں ہوں اور میں چارج لینے کیلئے آرہا ہوں لہٰذا میونسپل کمشنر کو فون کرکے مجھے بریفنگ دینے کا کہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ایمرجنسی ہے، رات 2 بجے میٹنگ بلائیں، ملازمین اور کچرے اٹھانے والی گاڑیوں کی فہرست چاہیے، جو کام کرے گا، اسے شاباش ملے گی اور جو کام نہیں کرے گا اس کے ساتھ وہی کروں گا جو پہلے کرتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب میئر کراچی میرے اور میں باقی لوگوں کا باس ہوں اور اپنے باس سمیت سب کو جگا کے رکھوں گا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفیٰ کمال کو منگل کو اپنے دفتر طلب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی صفائی سے متعلق میرا عملہ انھیں آگاہ کرے گا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے بھِی مصطفیٰ کمال کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔