لاہور (جیوڈیسک) وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق نے مزار اقبال پر پرچم کشائی کر کے جشن آزادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
وفاقی حکومت نے رواں برس جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کےلئے جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے جس کے تحت اگست کے پورے مہینے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ تقریبات کا مقصد موجودہ حالات کے پیش نظر ملک میں یکجہتی کی فضا پیدا کرنا اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والےاداروں کے اہلکاروں اور افسران کے عزم و استقلال کو مزید بلند کرنا ہے۔
اس کے تحت سول سوسائٹی، غیر سرکاری تنظیموں ، وکلاء تنظیموں ، پیشہ ورانہ اداروں اور مذہبی رہنمائوں کی یوم آزادی کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ جشن آزدی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز مزار اقبال پر پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا، اس تقریب میں ارکان قومی و پنجاب اسمبلی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی، اس موقع پرپولیس کے خصوصی بینڈ نے قومی دھنیں بجائیں جب کہ جشن آزادی کی تقریبات کااختتام قائد اعظم کے مزار پر ہو گا۔
آزادی ٹرین جشن آزادی تقریبات کا اہم حصہ ہوں گی اس کے علاوہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات اسلام آباد میں خصوصی پریڈ اور فلائی پاسٹ ہو گا جبکہ 14 اگست کی صبح یوم آزادی کی روایتی تقریب بھی منعقد ہو گی۔