کراچی (جیوڈیسک) لاہور پاکستان کا 66 واں یوم آزادی قومی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے خصوصی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ یوم آزادی پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک بحریہ کے کیڈٹس نے مزار پر گارڈ کے فرائض سنبھال لیے، اس موقع پر کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی زاہد الیاس نے قائداعظم کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس سے قبل لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے مزار اقبال پر فرائض سنبھال لیے، گیریژن کمانڈر میجر جنرل شاہد بیگ مرزا نے فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں اور آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پاک فوج کی جانب سے 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملک کی خوش حالی وترقی اور امن واستحکام کے لیے آج دن بھر مساجد میں خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں پرچم کشائی کی گئی اور مختلف تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔