ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے نتائج کا اعلان نہ ہونے پر طلباء و طالبات اور ان کے والدین کا شدید احتجاج

جھنگ: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی جانب سے ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے نتائج کا اعلان نہ ہونے پر طلباء وطالبات اور ان کے والدین نے شدید احتجاج کیا ہے۔ ایم بی بی ایس فائنل ایئر کاامتحان دینے والے طلباء وطالبات اور ان کے والدین نے پیر کے روز میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ قبل ازیں یونیورسٹی ہرسال فائنل کے امتحانی نتائج کااعلان مارچ کے مہینہ میں کر دیتی تھی مگر اس بار نامعلوم وجوہات کی بناء پر وسط اپریل آجانے کے باوجود نتائج کا اعلان نہیں کیا جا سکاہے جس سے طلباء و طالبات میں سخت اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ مذکورہ نتائج کے بعد اکثر طلباء سپیشلائزیشن کیلئے اعلیٰ ملکی و بین الاقوامی ہیلتھ انسٹیٹیوٹس میںداخلے حاصل کرتے ہیں مگرنتائج کابھی تک اعلان نہ کئے جانے سے ان کی مزید تعلیم کا عمل بری طرح متاثر اور قیمتی وقت بھی تیزی سے ضائع ہو رہاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ جب اس ضمن میں شعبہ امتحانات یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور سے رابطہ کیا جاتا ہے تووہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دیتے ہیں جس سے طلباء و طالبات اور ان کے والدین میں تذبذب مزید بڑھ رہاہے۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد نوا زشریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ،صوبائی مشیر صحت ، سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور سمیت دیگر ارباب اختیار سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور ہزاروں طلباء وطالبات سمیت ان کے والدین کو پریشانی سے نجات دلانے کیلئے ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے امتحانی نتائج کاجلد از جلد اعلان یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔