کراچی (جیوڈیسک) سابق منیجنگ ڈائریکٹر کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس کی عینی شاہد نے ملزم منہاج قاضی کو شناخت کرلیا۔
شاہد حامد قتل کیس میں ملزم منہاج قاضی کو جوڈیشل مجسٹریٹ ساؤتھ انیس احمد برڑو کی عدالت میں شناختی پریڈ کے لئے پیش کیا گیا جب کہ اس موقع پر ایم ڈی کے ای ایس سی قتل کیس کے عینی شاہد شہناز شاہد اورعمرشاہد بھی عدالت میں موجود تھے۔
ملزم کو دیگر افراد کے ہمراہ کھڑا کر کے عینی شاہدین کے سامنے پیش کیا گیا جس پر عینی شاہدین نے منہاج قاضی کو شناخت کرلیا۔ شاہد حامد کی اہلیہ کا اپنے ریکارڈ میں کہنا تھا کہ میرے شوہر پر مہناج قاضی نے صولت مرزا کے ہمراہ کلاشنکوف سے فائرنگ کی اور میں اس کی عینی شاہد ہوں۔
واضح رہے کہ سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد کو 5 جولائی 1997 کو قتل کیا گیا تھا جب کہ شاہد حامد کے قتل میں ایک ملزم صولت مرزا کو پہلے ہی پھانسی دی جا چکی ہے۔